Monday, September 16, 2024

سکیورٹی فورسز کو عزیربلوچ کے دست راست اکرم بلوچ کی تلاش

سکیورٹی فورسز کو عزیربلوچ کے دست راست اکرم بلوچ کی تلاش
February 6, 2016
کراچی (92نیوز) سکیورٹی ادارے عزیر بلوچ اور سیاسی شخصیات کے درمیان رابطہ کار اکرم بلوچ کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔ اکرم بلوچ عزیر جان بلوچ کا اہم رازدان ہے جو کراچی میں امن و امان کی خرابی میں ملوث اہم شخصیات کا پردہ چاک کر سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری گینگ وار کے اہم کردار عزیر جان بلوچ کے انکشافات کی روشنی میں تحقیقاتی اداروں کو اکرم بلوچ کی تلاش ہے جو کہ عزیر جان بلوچ اور سیاسی شخصیات کے درمیان رابطہ کاری کرتا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اکرم بلوچ ایک اہم گواہ ہے جو امن وامان کی خرابی میں ملوث سیاسی شخصیات کو قانون کے کٹہرے میں لانے میں معاون ہو سکتا ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اکرم بلوچ بعض سیاسی شخصیات کی مدد سے سمندری راستے سے دبئی فرار ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق اکرم بلوچ کراچی میں ایک سیاسی جماعت کے دفتر میں اہم عہدے پر کام بھی کرتا رہا ہے۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ عزیر جان بلوچ کی دبئی میں موجودگی کے دوران غیر ملکی ایجنسیاں اور ان کے آلہ کار عزیر جان بلوچ کو قتل کرنا چاہتے تھے تاہم بروقت اطلاع پر عزیر بلوچ کے قتل کی پلاننگ ناکام ہو گئی۔