Monday, September 16, 2024

سکیورٹی فورسز کا پی آئی اے مظاہرین پر دھاوا‘ 2 افرادجاں بحق‘ 5زخمی

سکیورٹی فورسز کا پی آئی اے مظاہرین پر دھاوا‘ 2 افرادجاں بحق‘ 5زخمی
February 2, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ڈیڈلائن ختم ہوئی تو مظاہرین ایکشن میں آ گئے جس پر پولیس اور رینجرز کا ری ایکشن سامنے آ گیا۔ واٹرکینن‘ آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے دو افراد جاں بحق جبکہ کیمرہ مین اور خاتون سمیت 5 ملازمین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند کرنے کی ڈیڈ لائن ختم ہوئی۔ حکومت نے کیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام حربے ناکام بنانے کا اہتمام۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مظاہرین نے کیا جناح ٹرمینل کی طرف مارچ تو پہلے سے تیار پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔ معاملات قابو سے باہر ہوئے تو پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے واٹرکینن سے مظاہرین اور میڈیا نمائندوں کو بھی دھو ڈالا۔ پھر بھی بات نہ بنی تو پولیس اور رینجرز نے آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ لاٹھیاں بھی برسا دیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ کیمرہ مین اور خاتون سمیت پانچ ملازمین زخمی ہو گئے۔ احتجاج اور تشدد کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہو گیا۔ گوادر اور اسلام آباد جانے والی پروازیں بھی تاحال روانہ نہیں ہو سکیں جس کے باعث مسافر بھی رل گئے۔ ادھر پی آئی اے کے تمام بکنگ آفسز بند ہیں جبکہ ایئرپورٹ پر قائم کاونٹرز پر بھی عملہ دستیاب نہیں۔