Friday, September 20, 2024

سکیورٹی خدشات پر لاہور میں میٹرو بس سروس شام تک معطل

سکیورٹی خدشات پر لاہور میں میٹرو بس سروس شام تک معطل
March 3, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر میٹرو بس سروس اچانک معطل کر دی گئی جس سے مسافروں کو شدید خواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بس سروس شام پانچ بجے بحال کر دی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق میٹروبس کے ٹریک کو ایک بار پھر سکیورٹی خدشات کا کہہ کر بند کردیا گیا ہے اور تمام بسوں کو گجومتہ بس ڈپو پر منتقل کردیا گیا۔ بس سروس معطل ہونے پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئی سکول کالج لیٹ پہنچا تو کسی کو دفتر سے دیر ہوئی۔ بس کا پہیہ بند ہونے سے جہاں مسافروں کو سفری پریشانی ہوئی وہیں وہ اضافی کرایہ لگنے پر خوب چلائے اور کہا کہ ویگن کا کرایہ بہت زیادہ ہے اور رکشے پر جائیں گے تو پیسے اور بھی زیادہ لگیں گے۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی کا بہانہ بنا کر روز بروز میٹرو بس سروس بند کرنے کی بجائے اس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔