Friday, April 26, 2024

سکھر میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے باعث ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہوگیا

سکھر میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے باعث ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہوگیا
February 8, 2021

سکھر (92 نیوز) سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے باعث ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے ۔

سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے جو کاروباری اور تاریخی اعتبار سے  خاصی اہمیت کا حامل ہے ، انتظامیہ کی عدم توجہ کے باعث  شہر کا انفرا اسٹرکچر کئی دہائیوں پرانا ہے جو روز بروز بڑھتی آبادی اور ٹریفک کے مسئلہ کیلئے ناکافی ہے ، جبکہ رہی سہی کسر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز پوری کر رہے ہیں۔

شہر سکھر میں ٹریفک جام معمول ہے ، یہ مسئلہ شہر کی تقریباً تمام شاہرات پر درپیش ہے ، ٹریفک جام کی بڑی وجوہات میں  سے ایک اہم تجارتی مراکز میں قائم غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز ہیں ۔ شہر کے مختلف علاقوں جن میں  گھنٹہ گھر چوک، ورکشاپ روڈ، میر معصوم شاہ کی چاڑی بھی شامل ہیں  میں میونسپل انتظامیہ نے پارکنگ کے ٹھیکے دے رکھے ہیں۔

 بیرون شہر سے آنیوالے لوگ اپنی گاڑیاں جہاں جگہ ملے  وہاں کھڑی کردیتے ہیں، جس کی وجہ سے ٹریفک جام کا مسئلہ مزید سنگین ہورہا ہے۔
ڈویژنل، ضلعی اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے اجلاس منعقد کرکے ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے مختلف احکامات تو صادر فرماتے ہیں مگر  عملی اقدامات کچھ بھی نہ ہونے کی وجہ سے سکھر کے عوام  اور  تاجر ٹریفک جام کی اذیت میں مبتلا ہیں ۔

چھوٹی و بڑی گاڑیوں کا اژدھام اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں پھنسا ہوا نظر آتا ہے، جس کی وجہ سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد بھی شدید مشکلات سے دوچار دکھائی دیتے ہیں، بعض علاقوں میں تو صورتحال اس قدر خراب ہوجاتی ہے کہ لوگوں کا پیدل چلنا بھی محال ہوجاتا ہے،۔

سکھر کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ  شہر میں غیر قانونی طور پر قائم پارکنگ ایریاز ختم کردیے جائیں اور مال گودام بندر روڈ ودیگر مقامات پر پارکنگ ایریاز قائم کئے جائیں تو ٹریفک جام کے عذاب سے عوام کو نجات مل سکتی ہے۔