Thursday, April 25, 2024

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ دیا
November 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) وزیر  اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ  کر تاریخ رقم کر دی ۔ وزیر اعظم عمران خان کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے کرتار پور پہنچے ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، گورنر  پنجاب چودھری سرور وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔ وزیر اعظم نے کرتار پور پہنچ کر راہداری کا سنگ بنیاد رکھا ، اس موقع پر وفاقی وزرا، سول و فوجی حکام ، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو  ، بھارتی صحافی اور ڈیڑھ سو پاکستانی شریک تھے ۔ تقریب میں شریک بھارتی وزیر ہرسمرت کور  جذباتی ہو کر آبدیدہ ہو گئیں ۔ خطاب کرتے ہوئے  ہرسمرت کور کا کہنا تھا کہ  آج سکھ قوم کیلئے تاریخی دن ہے ، آج مریدوں کی مرادپوری ہونے جارہی ہے۔ بھارتی وزیر ہرسمرت کور کا کہنا تھا کہ  پاکستان میں باباگرونانک نے زندگی کالمبا عرصہ گزارا،آج مجھے بابا گرونانک کا بلاوا ملا ہے، کرتارپور راہداری ہمارا اولین مطالبہ تھا۔ ہرسمرت کور کا مزید کہنا تھا کہ     کرتار پورراہداری دونوں ملکوں کی کرواہٹ مٹائے گی،تاریخی موقع پردونوں ملکوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  کرتار پور راہداری کا فیصلہ ہماری حکومت کی تاریخی پیشرفت ہے ،  بابا گرو نانک کے  550 ویں جنم دن کے موقع پر راہداری کھولنے  کا دنیا نے خیر مقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شریک ہوں،گرونانک کوایک مقام یا علاقے سے منسوب کرنا مناسب نہیں،پرامن جنوبی ایشیا کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے،  محبت فروغ پاتی ہے تو دلوں سے قدورتیں کم ہوتی ہیں۔ کرتار پر راہداری کے افتتاح کے بعد سکھ یاتری اپنے  مقدس مقامات تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے ، سکھوں کی بڑی تعداد نارووال پہنچی ۔