Wednesday, April 24, 2024

سکھ وفد کے شرکا کا کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر

سکھ وفد کے شرکا کا کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر
November 6, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سکھ وفد کے شرکا نے کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا۔ مختلف ممالک سے آئے سکھوں کے وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ دوسری طرف کرتارپور راہداری منصوبہ افتتاح کیلئے تیار ہے۔ زیرو پوائنٹ پر تعمیر ٹرمینل پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا۔ ریکارڈ مدت میں راہداری مکمل کرنے پر وزیراعظم نے حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ کرتارپور راہداری 9 نومبر کو سکھ برادری کیلئے کیلئے کھول دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ پوری دنیا کی سکھ برادری کیلئے اپنے دروازے کھولنے جارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کرتارپور سکھ برادری کیلئے سب سے بڑا مذہبی مرکز ثابت ہوگا، بھارت سمیت دنیا بھر کی سکھ برادری سب سے بڑے گوردوارے کی زیارت کر سکے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ منصوبہ مقامی معیشت کیلئے کلیدی اور ملک کیلئے زرمبادلہ کا ذریعہ بھی ثابت ہو گا، سیاحت اور میزبانی سمیت کئی شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔