Wednesday, April 24, 2024

سکون آور ادویات ایک برس میں 47ہزار امریکیوں کی زندگی نگل گئیں

سکون آور ادویات ایک برس میں 47ہزار امریکیوں کی زندگی نگل گئیں
December 19, 2015
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکامیں ادویات کی زیادہ مقدار کے استعمال سے ہلاکتوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ان میں زیادہ اموات کی وجہ سکون آور ادویات اور ہیروئن کا استعمال ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ صحت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیروئن اور مقررہ حد سے زیادہ سکون آور ادویات کے استعمال سے گزشتہ برس سینتالیس ہزار افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ادویات کے بے جا استعمال سے خاندان اور معاشر ہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ سکون آور ادویات کے استعمال سے ہلاکتوں میں چودہ فیصد اضافہ ہوا ہے اور ہر دس میں سے چھے اموات کی وجوہات سکون آور ادویات یا منشیات کا استعمال ہو سکتا ہے۔ ان ادویات کے استعمال سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ٹریفک حادثات کی اموات سے ڈیڑھ گنا زیادہ ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ اس خوفناک صورتحال سے امریکی معاشرہ اور خاندان تباہ ہو رہے ہیں جبکہ سن دوہزار سے دوہزار چودہ تک خواب آور ادویات کے زیادہ استعمال سے مرنے والوں کی تعداد دس لاکھ ہے۔ ماہرین کے مطابق پچھلے چند برسوں کے دوران امریکی معاشرے میں ہیروئن کے استعمال کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ گیا۔