Friday, March 29, 2024

چیف الیکشن کمشنر کیلئے قرعہ سکندر سلطان کے نام نکل آیا

چیف الیکشن کمشنر کیلئے قرعہ سکندر سلطان کے نام نکل آیا
January 21, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) ایچ الیکشن کمشنر کے لئے قرعہ سکندر سلطان کے نام نکل آیا ، شیریں مزاری نے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ممبران کے ناموں کا اعلان کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے سکندر سلطان راجہ کے نام کی منظوری دے دی، نثار درانی سندھ اور شاہ محمد جتوئی بلوچستان سے ممبر مقرر، اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں کا اتفاق ہو گیا ،  ارکان پارلیمان نے اتفاق رائے کو جمہوریت اور پارلیمان کی فتح قرار دے دیا۔ حکومت اور اپوزیشن کی 13ویں بیٹھک کامیاب ہو گئی ، چیف الیکشن کمشنر، ممبر سندھ اور بلوچستان کے ناموں پر اتفاق ہوگیا ۔ فیصلہ وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔ اجلاس کے بعد کمیٹی چیئرپرسن نے ناموں کا اعلان کیا گیا ، بتایا  گیا کہ صدر مملکت کی منظوری بعد وزارت پارلیمانی امور نوٹیفکیشن جاری کریگی ،اور پھر چیف الیکشن کمشنر حلف اٹھائیں گے۔ کمیٹی ارکان نے نئے عہدیداران  سے بہتر فیصلوں کی توقع کی  ، نامزد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سابق بیورو کریٹ ہیں اور مختلف حکومتوں میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری آزاد کشمیر، سیکریٹری پیٹرولیم اور ریلویز کے اہم ترین عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی حیدر آباد سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر اور پاکستان بار کونسل کے ممبر ہیں، سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ بھی رہ چکے ہیں۔ بلوچستان سے کمیشن کے ممبر شاہ محمود جتوئی بھی بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر رہ چکے ہیں ، جبکہ بلوچستان بار کونسل کے ممبر بھی ہیں ۔ دونوں صوبوں کے الیکشن کمیشن ارکان 26 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے ، آئین کے مطابق 45 روز کے اندر ممبران کی تقرری ضروری ہے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات کی وجہ سے ایک سال بعد یہ تقرریاں عمل میں آئی ہیں۔