Monday, May 13, 2024

سکردو اور استور میں درجہ حرارت منفی 25 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا

سکردو اور استور میں درجہ حرارت منفی 25 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا
January 19, 2020
سکردو ( 92 نیوز) سکردو اور استور میں شدید سردی کی نئی لہر کے بعد سکردو میں درجہ حرارت منفی25 سینٹی گریڈ تک گرگیا ۔ ویک اینڈ پرسیاحوں نےبڑی تعداد میں مری گلیات کا رخ کیا ۔ آزاد کشمیرکے بالائی علاقوں کی سڑکیں بدستور بند ہیں۔وادی نیلم میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ سکردو میں کڑاکے کی سردی دوبارہ لوٹ آئی ، شہر کا درجہ حرارت منفی 25 جبکہ بلائی علاقوں  میں منفی 30 تک گرگیا ، شدید سردی کے باعث بچے اور بزرگ شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ استور میں موسم صاف ہونے کے باوجود سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ برفباری سےمتاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، 20 دنوں سے بند روڈ سے عوام علاقہ کو مشکلات بھی سامناہے۔ ملکہ کوہسار مری میں  دھوپ بادلوں کی آنکھ مچولی سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ ویک اینڈ کے روز سیاحوں نے بڑی تعداد میں مری کا رخ کر لیا،سہانےموسم میں چھوٹے بڑے سب ہی نے خوب ہلہ گلہ کیا۔ برف کی سفید چادراوڑھے گلیات کے پہاڑ دلکش منظر پیش کررہے ہیں ،سفید گالوں نے نتھیا گلی ایوبیہ کے حسن کوایسا نکھارا کہ سیاحوں  کھنچے چلے  آئے،سیاحوں نے  حسین نظاروں کے ساتھ سیلفیاں لیں اورایکدوسرے پر برف کے گولے بھی  برسائے۔ آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابرآلود ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ وادی لیپا اور گریس ویل سمیت رابطہ سڑکیں بدستور بند ہیں۔ دوسری جانب وادی نیلم کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن آج بھی جاری رہا۔