Sunday, September 8, 2024

سکردو، استور سمیت گلگت بلتستان میں ہر سّو سفید چادر بچھ گئی

سکردو، استور سمیت گلگت بلتستان میں ہر سّو سفید چادر بچھ گئی
January 2, 2022 ویب ڈیسک

سکردو (92 نیوز) بالائی علاقوں میں برف ہی برف، تاحد نگاہ سفیدی، ہر منظر رومانوی لگنے لگا، سکردو، استور سمیت گلگت بلتستان میں ہر سّو سفید چادر بچھ گئی۔

سکردو کے مختلف علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ تلو بروق، تھورچے، بلامیک، گنجی اور ملحقہ دیہات میں برف باری کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا جبکہ بالائی علاقوں کا شہر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا ہے۔

شدید سردی کے باعث زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زلزلہ متاثرین سخت سردی کے باوجود خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ برف باری اور شدید سردی سے شہریوں کی مشکلات بڑھانے لگیں۔

ادھر استور کے بالائی مقامات پر وقفے وقفے سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ استور کے دورافتادہ علاقے شنکرھڑھ، میرملک، داسخریم، چلم سمیت متعدد مقامات پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بالائی پہاڑ کالا پانی ٹاپ، نانگا پربت، راما، شونٹر پاس سمیت دیگر بالائی علاقوں میں بھی برفباری جاری ہے۔

شہر اور گردونواح میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔ بالائی علاقوں میں شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر دہ گئے۔ برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔