Monday, May 6, 2024

سڈنی،ایف اے ٹی ایف کا اجلاس آج،پاکستان کا12رکنی وفد شرکت کرے گا

سڈنی،ایف اے ٹی ایف کا اجلاس آج،پاکستان کا12رکنی وفد شرکت کرے گا
January 8, 2019
سڈنی ( 92 نیوز) ایف اے ٹی ایف کا اجلاس آج سڈنی میں ہوگا ، پاکستان کا 12 رکنی وفد شریک ہوگا ۔ پاکستان اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کو منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے پر مذاکرات آج منگل کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہوں گے ۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو بھیجی گئی رپورٹ میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کا کوئی بھی شہری 10 ہزار ڈالر سے زائد کی رقم بیرون ملک نہیں لیکر جا سکے گا،اس حوالے سے ملک کے داخلی اور خارجی راستوں پر فول پروف نظام نصب کر دیا گیا ہے ،لین دین کے جائزہ کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے دیگر شعبوں کے ساتھ بنکنگ ،کارپوریٹ اور انشورنس سیکٹر کی لین دین اور منی ٹریل کے حوالے سے حکمت عملی اور پالیسی کی مکمل رپورٹ بھی تیار کرکے ایف اے ٹی ایف کو ارسال کر دی ہے ۔ انشورنس سیکٹر میں جس میں جو بھی پریمیم باہر جائے گا،اور جو باہر سے پاکستان پیسہ آئے گا،اس کا نام ،ادارہ کا نام اور رقم بھیجنے کے مقاصد کا بتانا ضروری ہوگا، اس کے علاوہ صرف دس ہزار ڈالر کی رقم ملک سے باہر لے جانے اور لے آنے کی اجازت ہوگی منی ٹریل کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ اسی طرح کارپوریٹ سیکٹر میں بھی منی ٹریل کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا  اور شیئرکی خرید وفروخت کو مانیٹر کیا جائے گا  اور اس بات کی یقین دہانی کی جائے گی یہ رقم کالے دھن اور منی لانڈرنگ ، دہشت گردی میں استعمال نہ ہوسکے ،اس سلسلے میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی سسٹم انسٹال کر دیا گیا ہے ،ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا وفد ایف اے ٹی ایف سے مذاکرات آج کرے گا، یہ مذاکرات 3 دن تک جاری رہیں گے ،ذرائع کے مطابق سیکرٹری خزانہ کی قیادت میں 12 رکنی اعلی ٰسطحی پاکستانی وفدآسٹریلیا کے شہر سڈنی پہنچ چکا ہے ،پاکستان کے وفد میں سیکرٹری خزانہ ،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس،سٹیٹ بنک،نیب، نیکٹا،ایف ایم یو،اے این ایف، ایف ای سی پی،ایف بی آر ،اور ایف آئی اے کے نمائندے شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ وفاقی حکومت نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ منی ٹریل کی نشاندہی کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی ہے اور ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر ریگولیشنز 2018 میں ترمیم بھی کردی گئی ہے ۔ وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس بھی بنائی ہے ، ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا بلیک لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ رواں سال مارچ اپریل میں کرے گا۔