Sunday, April 28, 2024

سڈنی: پاک آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میچ کل کھیلا جائے گا

سڈنی: پاک آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میچ کل کھیلا جائے گا
January 2, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ پاکستانی وقت کے مطابق کل صبح ساڑھے چار بجےشروع ہو گا۔ مصباح الحق قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ کپتان کا کہنا ہے میچ ہارنے پر جذباتی ہو گیا تھا اور استعفےکی بات کر دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق شاہینوں کیلئے نئے سال کا پہلا امتحان شروع ہونے میں چوبیس گھنٹے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا۔

پاکستان آسٹریلیا سےٹیسٹ سیریز تو ہارگیا لیکن سڈنی کے میدان میں فتح سمیٹ کر نئے سال کا اچھا آغاز کر سکتا ہے۔ سڈنی کا میدان بھی شاہینوں پر کچھ خاص مہربان نہیں رہا۔ قومی ٹیم اس گراؤنڈ پر صرف دو کامیابیاں ہی سمیٹ پائی ہے جبکہ چار میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم سڈنی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور اسٹار بلے باز یونس خان کیلئے اس لئے بھی اہم ہے کہ دونوں ممکنہ طور پر آسٹریلیا میں آخری بار ان ایکشن ہوں گے اور کچھ کر دکھانے کی دھن میں ہوں گے۔

دوسری طرف مصباح الحق نے استعفے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ کہتے ہیں استعفے کی بات سیریز میں شکست کے بعد جذبات کی رو میں بہہ کر کہہ گیا تھا۔ دوسپنرز کھلانے کے حوالے سے مصباح کا کہنا تھا اس کا فیصلہ پچ دیکھ کر کیا جائے گا۔

دوسری طرف میزبان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فاسٹ باؤلر جیکسن برڈ کی جگہ سٹیو اوکیفی کو شامل کیا گیا ہے اور ایک نئے بلے باز ہلٹن کارٹ رائٹ کو بھی ٹیسٹ کیپ دی جائیگی۔ سڈنی ٹیسٹ سے پہلے پاکستانی کھلاڑیوں کو میک گراتھ فاؤنڈیشن نے گلابی ٹوپیاں بھی دی ہیں۔ کھلاڑی ٹیسٹ کے تیسرے روز پنک کیپس پہنیں گے۔  میک گراتھ فاؤنڈیشن کا مقصد کینسر کے مریضوں کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے۔