Friday, April 19, 2024

سڈنی ٹیسٹ: پاکستان کے 8وکٹوں پر 271رنز، کل بارش کی پیشگوئی

سڈنی ٹیسٹ: پاکستان کے 8وکٹوں پر 271رنز، کل بارش کی پیشگوئی
January 5, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) سڈنی ٹیسٹ میں بھی پاکستان مشکلات کا شکار ہو گیا۔ تیسرے دن کے اختتام تک گرین کیپس نے آٹھ وکٹوں پر دو سو  ستر رنز بنائے ہیں۔ یونس خان کی سنچری کے باوجود شاہینوں کو آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی دو سو ستتر رنز درکار ہیں۔ میچ کے دوران میک گراتھ فاؤنڈیشن کی گلابی چادر بھی گراؤنڈ میں لائی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بارش نے سڈنی ٹیسٹ میں بھی شاہینوں کو آ لیا۔ خراب موسم کے باعث تیسرے دن کا کھیل چار گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔  گرین کیپس نے ایک سو چھبیس رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا۔  یونس خان چونسٹھ اور اظہر علی اٹھاون رنز کے ساتھ میدان میں آئے۔

یونس خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ اظہر علی اکہتر کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں آنے والا کوئی بلے باز جم کر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ مصباح الحق اور سرفراز احمد نے اٹھارہ، اٹھارہ رنز بنائے جبکہ اسد شفیق صرف چار رن بنا سکے۔ وہاب ریاض آٹھ اور محمد عامر چار رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر یونس خان ایک سو چھتیس اور یاسر شاہ پانچ رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی دو سو سڑسٹھ رنز درکار ہیں۔ لیون تین وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کے لیے سب سے تباہ کن باؤلر ثابت ہوئے۔

سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز بارش کی پیشگوئی کی گئی جس کے باعث کھیل نہ ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح پاک آسٹریلیا سیریز کا آخری ٹیسٹ ڈرا کی جانب جاتا ہوا نظر آ رہا ہے۔