Thursday, April 18, 2024

سڈنی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں پر 126رنز بنا لیے

سڈنی ٹیسٹ: پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں پر 126رنز بنا لیے
January 4, 2017

سڈنی (ویب ڈیسک) سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے روز کینگروز کے رنز کا پہاڑ دیکھ  کر شاہین لڑکھڑا گئے۔ ابتدائی دو وکٹیں چھے رنز پر گنوانے کے بعد محتاط بیٹنگ شروع کر دی۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں پر ایک سو چھبیس رنز بنا لیے۔ گرین شرٹس کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے آٹھ وکٹوں پر چارسو بارہ رنز درکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے پانچ سو اڑتیس رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز ڈکلیئر کی تو رنز کا پہاڑ دیکھ کر شاہینوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔

پاکستانی بیٹنگ ابتدا میں ہی لڑکھڑا گئی۔ پہلے دو بلے باز چھے رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ سمیع اسلم کی جگہ ٹیم کا حصہ بننے والے اوپنر شرجیل خان چار اور بابر اعظم کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو جوش ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا۔ 

اظہرعلی اور یونس خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کو سنبھالا دیا اور محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے سو سے زائد رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک یونس خان چونسٹھ اور اظہر علی اٹھاون رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے آسٹریلیا نے اوپنرز میٹ رینشا اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈر بلے باز پیٹر ہینڈز کومب کی سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹوں پر پانچ سو اڑتیس رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے تین، عمران خان اور اظہر علی نے دو، دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔