Friday, April 26, 2024

سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا آپشن زیرغور ہے : اپوزیشن لیڈر

سپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا آپشن زیرغور ہے : اپوزیشن لیڈر
September 8, 2016
اسلام آباد (92نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکمران گھبرا گئے کہیں ریفرنسز پر نااہل نہ ہو جائیں اس لیے انہیں مسترد کر دیا۔ نظر آ گیا فیصلہ سپیکر کا نہیں بڑے لوگوں کاہے۔ سپیکر کےخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کافیصلہ نہیں ہوا تاہم ان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا آپشن زیرغور ہے۔ ریفرنس معاملے پر ان کی جانبداری واضح ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کہتے ہیں سپیکرکے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ جانے پر غور کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر سید خورشید کی صدارت میںہوا۔ مشاورت کی گئی کہ سپیکر کی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے یا نہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ ریفرنس مسترد ہونے پر دلبرداشتہ نہیں۔ یہ بہتر ہوا ہے۔ سپیکر کے فیصلے سے واضح ہو گیا کہ کون کہاں کھڑا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ سپیکر کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ لگتا ہے سپیکر پر یہ فیصلہ تھوپا گیا۔ شیخ رشید کہتے ہیں سپیکر پورس کا ہاتھی ہے۔ یہ حکمرانوں کے ہاتھ کی گھڑی ہے۔ اجلاس میں حاجی غلام احمد بلور‘ طارق بشیر چیمہ‘ صاحبزادہ طارق اللہ بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے ریفرنسز مسترد کئے جانے اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔