Thursday, April 25, 2024

سپیکر کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس

سپیکر کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس
January 4, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) امریکی صدر کے پاکستان مخالف بیان پر تمام پارلیمانی جماعتیں ہم آواز اور یکجان ہو گئیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ اگلے اجلاس میں دفاعی اداروں کو بھی بلایا جائے گا۔ آج سکیورٹی معاملات سمجھنے کی کوشش کی ۔ کئی سوالات کو کلیئر کیا گیا ۔ جو سوالات اٹھائے گئے ہیں انہیں آئندہ اجلاس میں دیکھا جائے گا ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گیدڑ بھبکیوں کے خلاف قومی سلامتی اجلاس اور کور کمانڈرز کانفرنس کے بعد قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی قائدین نے بھی سر جوڑ لئے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں وزیرخارجہ خواجہ محمدآصف، وزیردفاع خرم دستگیر، مشیرقومی سلامتی ناصر جنجوعہ، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری دفاع سمیت تمام پارٹیوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر کابینہ کے فیصلوں سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی قائدین نے ملکی سلامتی کیلئے یک جان اور یک زبان ہو کر امریکی دھمکیوں کا جواب دینے پر اتفاق کیا ہے ۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی سلامتی کے آئندہ اجلاس میں دفاعی اداروں کو بھی بلایا جائے گا ۔ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام جماعتیں متحد ہیں ۔
اس سے قبل اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی قومی سلامتی کے اجلاس میں عسکری حکام کو بلانے کی تجویز دی تھی جسے حکومت نے منظور کر لیا۔
پارلیمانی قائدین کا ملکی سلامتی اور بقا کیلئے ایک نقطے پر اتفاق اس بات کا عکاس ہے کہ ملکی دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے۔