Sunday, September 8, 2024

سپیکر قومی اسمبلی نے نیب سے پرویزمشرف دور کے 9اہم کیسز کی رپورٹ طلب کر لی

سپیکر قومی اسمبلی نے نیب سے پرویزمشرف دور کے 9اہم کیسز کی رپورٹ طلب کر لی
August 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پرویز مشرف دور میں ریلوے میں تیل، ڈیزل ،پٹڑیوں کی چوری، ناقص انجنوں، بوگیوں کی خریداری اور رائل پام گالف کلب سکینڈل سمیت اہم 9 کیسز کی رپورٹ قومی احتساب بیورو سے طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پیپلز پارٹی دور میں قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین تھے۔ اس وقت انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ریلوے میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور کرپشن کے حوالے سے نو کیسز نیب کو بھجوائے تھے مگر نیب نے ان نو کیسز میں سے کسی ایک کی تحقیقات ابھی تک مکمل نہیں کیں۔ اس میں سابق وزیر ریلوے لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید اشرف قاضی سمیت چیئرمین ریلوے سعید الظفر بھی شامل تھے۔ سپیکر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی پی اے سی اور کمیٹی برانچ سے ایسے تمام 9 کیسز کی تفصیل مانگی جو انہیں فراہم کر دی گئی ہیں جو کہ انہوں نے بطور چیئرمین ریلوے کمیٹی نیب کو بھجوائے تھے۔ ذرائع کے مطابق سپیکر نے ایک خط نیب کو بھجوایا ہے جس میں نیب سے پوچھا گیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو بتائے کہ پارلیمانی کمیٹیوں کی جانب سے بھجوائے جانے والے نو کیسز کا اس وقت سٹیٹس کیا ہے۔ ان کیسز میں ریلوے کی زمین اور پلیٹ فارمز پر مختلف سٹالز کے ٹھیکوں میں بے قاعدگیوں کے کیسز بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے سپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین نیب قمر زمان اور ادارے کے خلاف نہیں ہیں۔ ماضی میں پارلیمانی کمیٹیوں نے بہت سے کیسز نیب کو بھجوائے مگر انہوں نے آج تک کسی ایک کیس کی تحقیقات مکمل کرکے پارلیمنٹ کو رپورٹ نہیں دی اس لئے اب پارلیمنٹ نیب کے خلاف کاروائی بھی کر سکتی ہے۔