Friday, March 29, 2024

سپیکر قومی اسمبلی نے نقیب اللہ کی رپورٹ آئندہ ہفتے طلب کر لی

سپیکر قومی اسمبلی نے نقیب اللہ کی رپورٹ آئندہ ہفتے طلب کر لی
January 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کراچی میں ماورائے عدالت قتل کیے جانے والے نوجوان نقیب اللہ کی رپورٹ آئندہ ہفتے طلب کر لی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں فاٹا اراکین نے کراچی میں پولیس مقابلے میں قتل کیے جانے والے نوجوان نقیب اللہ جبکہ ایم کیو ایم نے لاپتہ افراد کی رپورٹس ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے ماورائے عدالت قتل ہونے والے نوجوان نقیب اللہ کی رپورٹ طلب کر لی اور وزارت انسانی حقوق کو ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اسپیکر نے نقیب اللہ قتل رپورٹ کے ساتھ لاپتہ افراد کی تفصیلات بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں رکن اسمبلی جمال الدین نے کہا کہ نقیب اللہ محسود کا رائو انوار قاتل ہے۔ اسے پھانسی دی جائے۔ انہوں نے نقیب اللہ کے قتل کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل انکوئری کا بھی مطالبہ کیا۔
ادھر سید نوید قمر نے ایوان کو بتایا کہ واقعہ پر انکوئری کی رپورٹ ایک دو دن میں آ جائے گی ۔
اس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام چار تک اجلاس ملتوی کردیا گیا۔