Thursday, April 25, 2024

سپریم کورٹ،سندھ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل

سپریم کورٹ،سندھ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل
October 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) سندھ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ،  وفاق کے چھ اسپتالوں کے سروس اسٹریکچر کا معاملہ بھی علیحدہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا، کورنگ نالہ کے اطراف میں دو مکان گرانے پر حکم امتناع جاری کردیا گیا۔ سندھ میں ہندو برادری کی اراضی پر ناجائز قبضے کی تحقیقات کیلئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ،عدالت عظمیٰ نے  رمیش کمار اور محکمہ مال لاڑکانہ کے افسر کو کمیٹی میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ پہلے مرحلے میں لاڑکانہ میں ہندو برادری کی اراضی پر قبضے کی رپورٹ طلب کی گئی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ ہندو بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں جتنے ہم ہیں ،ہندو برادری کی اراضی پر قبضے ہوتے ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے واگزار کرائے، کیا ریاستی مشینری ناکام ہو گئی ہے قبضہ نہیں چھڑا سکتی؟۔ عدالت نے پمز ، پولی کلینک سمیت 6 اسپتالوں میں سروس سٹرکچرکا جائزہ لینے کیلئے بھی کمیٹی بنا دی ، سیکرٹری صحت کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں  ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور جوائنٹ سیکرٹری قانون بھی شامل ہیں ۔ عدالت نے متاثرین ٖڈاکٹرز کو سن کر تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی ۔  چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے  لگتا ہے عوامی عدالت بنا کر غلطی کر دی ہے ،ہر آدمی انگلی اٹھا دیتا ہے کہ اسکو سنا جائے،ہر شخص کو سننے کے پابند نہیں ،نظر ثانی درخواست کرنا عادت بن گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بنی گالہ میں کورنگ نالے کے اطراف پر قائم دو مکانوں کو گرانے پر حکم امتناع جاری کردیا ، کرسٹینا آفریدی اور جویریہ نامی خاتون کوعدالت نے گھر شفٹ کرنے کیلئے مہلت دے رکھی ہے۔