Thursday, March 28, 2024

سپریم کورٹ،بحریہ ٹاؤن کراچی کو الاٹیزسے مزید رقم وصول کرنے سے روک دیاگیا

سپریم کورٹ،بحریہ ٹاؤن کراچی کو الاٹیزسے مزید رقم وصول کرنے سے روک دیاگیا
November 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز)سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کراچی کو الاٹیز سے مزید رقم وصول کرنے سے روک دیا، اقساط کیلئے کراچی رجسٹری میں اکاؤنٹ کھولنے کا حکم  بھی دے دیا جب کہ عدالت نے تعمیرات پر پابندی بھی عائد کردی۔ بحریہ ٹاؤن فیصلےپر عملدرآمد کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، وکیل بحریہ ٹاؤن علی ظفرنے بتایا کہ عدالتی حکم کے بعد کوئی پلاٹ فروخت نہیں کیا۔عدالت نے بحریہ ٹاؤن سے اراضی کا لے آؤٹ پلان اور گوگل امیج بھی طلب کر لیا۔ عدالت کے استفسارپر وکیل علی ظفر نے بتایا بحریہ ٹاؤن کراچی میں تعمیرات کا عمل جاری ہے ، لوگوں سے پیسے لے رکھے  ہیں ان کو ہینڈ اوور کرنے ہیں ۔ اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ آپ نے کیسے سوچ لیا  کہ آپ ہی الاٹیز کو ہینڈ آوور کریں گے۔عدالت نے بحریہ ٹاؤن کراچی کو مزید کنسٹریکشن سے روک دیا اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔ بحریہ ٹاؤن کے سرمایہ کاروں کے وکیل زاہد بخاری نے کہا کہ ہمارے بہت سے انوسٹر انگوٹھا چھاپ ہیں۔ عدالت کے حکم پر عمل کرنا ان کے لیے مشکل ہے، آسان طریقہ کار طے کیا جائے۔ اس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ ہم نظر ثانی پر نظر ثانی نہیں کر سکتے، اگر عدالتی فیصلے پر عمل نہیں کرنا تو بتا دیں۔