Monday, September 16, 2024

سپریم کورٹ کے حکم پر وزارت پانی و بجلی کے دو اعلیٰ افسر نوکری سے فارغ

سپریم کورٹ کے حکم پر وزارت پانی و بجلی کے دو اعلیٰ افسر نوکری سے فارغ
March 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزارت پانی و بجلی نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد شروع کر دیا۔ ایم پی سکیل پر بھرتی ہو کر ریگولر ہونے والے ڈائریکٹر جنرل متبادل توانائی بورڈ ڈاکٹر بشارت نوکری سے فارغ کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے 13 جنوری 2015ءکو حکم دیا تھا کہ ایسے افسر جو ایم پی اسکیل میں بھرتی ہوئے ہوں اور انہیں ریگولر بھی کر دیا ہو وہ مستقل طور پر نوکری میں نہیں رہ سکتے۔ عدالت عظمیٰ کے ان احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزارت پانی و بجلی نے متبادل توانائی بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بشارت بشیر اور ڈائریکٹر سولر نوید بخاری کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر بشارت کو ایم پی ٹو اور نوید بخاری کو ایم پی 3 اسکیل میں بھرتی کیا گیا۔ بعدازاں متبادل توانائی بورڈ نے ان دونوں افسروں کو ریگولر کر دیا۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد ان دونوں افسروں کی خدمات ختم کر دی گئیں ہیں لہٰذا مجاز اتھارٹی ان دونوں افسروں کو ہدایت جاری کرتی ہے کہ ریگولر ہونے کی تاریخ سے لے اب تک لی گئی تمام تنخواہیں اور مراعات واپس کی جائیں۔