Wednesday, May 8, 2024

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ
April 15, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے  ، فائرنگ کے واقعے کی خبر ملک بھر میں پھیل گئی جبکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار بھی جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پہنچے۔ پاناما سمیت کئی اہم کیسز کی سماعت کرنے والے جج جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پر فائرنگ  کا ایک نہیں دو واقعات پیش آئے  ۔ پہلا واقعہ گزشتہ  رات 10 بج کر 45 منٹ پر جبکہ  دوسرا واقعہ  صبح 9 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا ۔ فائرنگ کے واقعے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی ، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پہنچے اور آئی جی پنجاب کو بھی طلب کر لیا ۔  چیف جسٹس واقعے کی تحقیقات کی  خود نگرانی کر رہے ہیں ۔ دوسری طرف سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیا بھی جسٹس اعجازالاحسن کے گھر پہنچے اور فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ۔ فرانزک  ٹیموں نے  بھی گھر کا مکمل معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے جبکہ  آئی جی پنجاب پولیس نے واقعہ کے حوالے سے جسٹس اعجازالاحسن سے بات کی اور ان سے بھی معلومات حاصل کیں ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے موقع سے نائن ایم ایم پستول کی گولی کا خول برآمد ہوا ہے ، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں  اور رینجرز نے جسٹس اعجازالاحسن کی رہائش گاہ کی سکیورٹی کے فرائض سنبھال لئے ہیں ۔ ذرئع کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر سکیورٹی کے فرائض کے لیے پولیس کے کل 4 اہلکار تعینات تھے جن میں سے 2 اہلکار دن اور 2 رات میں ڈیوٹی سرانجام دیتے تھے۔