Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ کی پرویز مشرف کی واپسی پر چک شہزاد کا فارم ہاؤس کھولنے کی پیشکش

سپریم کورٹ کی پرویز مشرف کی واپسی پر چک شہزاد کا فارم ہاؤس کھولنے کی پیشکش
September 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی واپسی پر چک شہزاد کا فارم ہاؤس کھولنے کی پیشکش کر دی ۔ این آر او کیس میں چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کب تشریف لائیں گے۔ پرویز مشرف واپس آجائیں  ، فارم ہاؤس کھول دیں گے۔ پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سکیورٹی فراہم کی جائے تو پرویز مشرف آجائیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا پرویز مشرف کو ڈی جی رینجرز سیکیورٹی فراہم کریں گے ، بریگیڈ کی سکیورٹی چاہیے تو مل جائے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے پرویز مشرف کمر کےعلاج کا کہہ کر بیرون ملک گئے ، بیرون ملک جاکر ڈانس کرتے رہے ، پرویز مشرف کو مرضی کے ڈاکٹرز کی سہولیات میسر ہوں گی۔ چیف جسٹس نے کہا  پرویز مشرف  کے لیے فارم ہاؤس کھول کر صاف ستھرائی بھی کرا دیں گے۔ وکیل نعیم بخاری کی ڈیوٹی لگا دیں گے، انہیں  کہیں گے کہ مشرف کے گھر میں مٹی بھی نہ ہو۔ عدالت نے کیس آئندہ منگل تک ملتوی کر دیا۔ جس پر سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل سامنے آئے اور موقف اپنایا کہ معاملہ سکیورٹی کا ہے اگر سکیورٹی فراہم کی جائے تو پرویز مشرف واپس آ جائیں گے ، جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ پرویز مشرف کی سکیورٹی کا معاملہ بھی حل کر دیتے ہیں ، وہ واپس آئیں ڈی جی رینجرز سکیورٹی فراہم کریں گے اور اگر بریگیڈ کی سکیورٹی چاہیے تو وہ بھی مل جائے گی ۔ پھر معاملہ سامنے آیا پرویز مشرف کی بیماری کا تو چیف جسٹس نے واضح کہا کہ پرویز مشرف کے من پسند ڈاکٹرز بھی فراہم کریں گے   ، وہ کمر کے علاج کا کہہ کر بیرون ملک گئے تھے مگر وہاں تو ڈانس کرتے رہے ۔ این آر او کیس میں پرویز مشرف  سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس پر اے پی ایم ایل کے چیئرمین ڈاکٹر امحمد امجد کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس کے مطابق اُن کا کہنا ہے اس بات کا یقین دلایا جائے کہ پرویز مشرف کو دوران تفتیش کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا اور بیرون ملک علاج جاری رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی جائے تو پرویز مشرف واپس آنے کے لئے تیار ہیں ۔ ڈاکٹر امجد کا مزید کہنا ہے  پرویز مشرف کو عدالتوں پر اعتماد ہے اور وہ پیش ہونے کے لئے تیار ہیں تاہم  چیف جسٹس کی گفتگو میں طنز کا عنصر پایا جاتا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس  نے  پکی رہائش گاہ جیسے الفاظ استعمال کئے جن کی سمجھ نہیں آئی ، پرویز مشرف  ایک ایسے مرض کا شکار ہیں جس کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں۔