Thursday, May 9, 2024

سپریم کورٹ کا شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل کے سنگم پر بنے نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم

سپریم کورٹ کا شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل کے سنگم پر بنے نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم
April 8, 2021

کراچی ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل کےسنگم پربنےنسلہ ٹاور کوگرانےکا حکم دےدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پی ای سی ایچ ایس میں کوئی پلاٹ خالی نہیں تھاکہ پھرعمارت کیسےبن گئی۔

سپریم کورٹ رجسٹری میں شاہراہ قائدین تجاوزات کیس کی سماعت ہوئی ، کمشنرکراچی نےعدالت کو بتایاکہ نسلہ ٹاور کی انسپیکشن ہوگئی ہے ، ایس بی سی اے کی رپورٹ کے مطابق عمارت نالے پر نہیں بنی ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے خود کیوں انکوائری نہیں کی ؟، ایس بی سی اے نے تو سب سے زیادہ گھپلے کیے ہیں ، ان ہی لوگوں نے سب بنایا ہے اور بنوایا ہے، پی ای سی ایچ ایس میں کوئی پلاٹ خالی نہیں تھا یہ کہاں سے آگیا ؟۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے موقف دیا کہ روڈ کی ری الائنمنٹ ہوئی تھی جس میں یہ زمین سامنے آئی ، چیف جسٹس نے کہا تو پھر کیا اس کو بیچ دیں گے، کیا کررہےہیں آپ لوگ؟، کل سپریم کورٹ اوروزیراعلیٰ ہاؤس بھی الاٹ کردیں گے، کیا تماشہ لگایا ہوا ہے آپ لوگوں نے ؟۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ نےڈی جی ایس بی سی اے کو ہدایت کی کہ ہم پلاٹ کینسل کررہے ہیں آپ بلڈنگ گرادیں ۔چیف جسٹس نے رائل پارک اور ہل پارک سمیت دیگر پارکوں سے تجاوزات سے متعلق کیسوں میں کمشنر کراچی پر برہمی کا اظہارکیا، کہاکہ آپ سے جو کام کرنے کو کہا تھا کیا ہوا؟ ، آپ نے کیا ہمیں سرکاری دفتر سمجھا ہے؟ ، ہمارے سامنے ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ کیسے پیش کیں، ہم نے سب احکامات آپ کو خود دیے تھے۔

سپریم کورٹ نےکہاکہ کمشنر کراچی کو فارغ کریں، عدالت نے کمشنر کراچی کو باغ ابن قاسم کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم دے دیا،کہاکہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کروائی جائے۔