Friday, March 29, 2024

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے انور مجید کے بیٹے نمر مجید گرفتار

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے انور مجید کے بیٹے نمر مجید گرفتار
October 27, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اہم پیشرفت ہو گئی۔ ایف آئی اے نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری سے انور مجید کے بیٹے نمر مجید کو حراست میں لے لیا۔ اومنی گروپ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اومنی گروپ کی چوری سامنے آچکی، گیارہ ارب کی چینی غائب کر دی گئی۔ اس کے سربراہ اب جیل میں بیٹر کلاس مانگ رہے ہیں۔ اومنی گروپ کی شوگر ملوں سے اسٹاک غائب ہونے پر چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے استفسار کیا کن ٹرکوں پر مال ڈال کر غائب کردیا گیا کون کون شامل تھا؟۔ ڈی جی ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ 9 شوگر ملیں اومنی گروپ کی چھتری کے نیچے چل رہی ہیں۔ چینی غائب کرنے پر اومنی گروپ کے خلاف 9 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا معلوم ہوا ہے کہ جیل میں اومنی والے فون استعمال کر رہے ہیں۔ جیل سے احکامات فون کے ذریعے  دیے جا رہے ہیں۔ جیل حکام فوری طور پر سب سے فون واپس لے لیں۔ چیف جسٹس نے کہا آئی جی سندھ سن لیں اگر جیل سے فون استعمال کرنے کی شکایت آئی تو سخت کارروائی کریں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے بینکنگ عدالت کوئی فیصلہ جاری نہیں کرے گی۔ اومنی گروپ کے معاملات خود دیکھیں گے۔ چیف جسٹس نے اومنی گروپ کیس منگل کو اسلام آباد میں مقرر کر دیا۔ تمام ریکارڈ اسلام آباد منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف ایگزیکٹو اور دیگر حکام کو طلب کر لیا۔