Tuesday, May 21, 2024

سپریم کورٹ، کراچی انفرا اسٹریکچر بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو ایک ماہ کی مہلت

سپریم کورٹ، کراچی انفرا اسٹریکچر بہتر بنانے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کو ایک ماہ کی مہلت
December 29, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی کے انفرا اسٹریکچر کو بہتر بنانے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو ایک ماہ کی مہلت دے دی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ دوہزار انیس میں جو حکم دیا تھا، اس پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ معذرت خواہ ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کراچی میں تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عدالت کےروبرو پیش ہوئے۔۔
چیف جسٹس نےاستفسار کیاکہ دوہزارانیس میں حکم دیا اب تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ معزرت خواہ ہیں کہ اب تک عملدرآمد نہیں ہوا، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی معذرت نہیں چاہیے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو عدالتی حکم کا پیرا نمبر 3 پڑھ کر سنایا۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ نے کراچی کے لئے کیا کچھ کیا ہے یہ بتائیں؟، وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فٹ پاتھ کلئیر کر کے کنٹینرز رکھے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وہ تو آپ کی سیکیورٹی کے لئے کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔ ہم کراچی کے اسٹرکچر کے متعلق آپ سے سادہ سا سوال کر رہے ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اکیلے نہیں اور بھی بہت سے ادارے ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تو آپ ان اداروں سے پوچھ سکتے ہیں۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آپ کے حکم ہر کام کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ نے میرے حکم پر نہیں عدالت کے حکم پر کام کرنا ہے
چیف جسٹس نےریمارکس دیئےکہ لگ رہا ہے کہ آپ کے دماغ میں کچھ چل رہا ہے
مراد علی شاہ نےکہاکہ شاہراہ فیصل، طارق روڈ، شہید ملت پر واٹر لائن کا کام کیا۔ ماڑی پور، یونیورسٹی روڈ پر بڑے بڑے کام کیے۔ 2017ء میں ہم نے سڑکوں کی لاٹنگ پر کام کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ شاہراہ فیصل کا حال آپ نے دیکھا ہے وہاں اسٹریٹ لائٹ تک نہیں لگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی درخواست پر عدالت نے انہیں ایک ماہ کی مہلت دے دی۔  کہا کہ جائے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد کریں۔ صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ عدالت کو احترام کرتے ہیں۔ شہری کو بہتر کریں گے۔