Friday, April 19, 2024

سپریم کورٹ کا گرے ٹریفکنگ اور منشیات کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا گرے ٹریفکنگ اور منشیات کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم
October 8, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے گرے ٹریفکنگ اور منشیات کے خلاف آپریشن کرنے کا حکم دے دیا۔ ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی۔ گرے ٹریفکنگ اور منشیات فروخت کرنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ گرے ٹریفکنگ پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہمارے بچوں کو منشیات کا عادی بنایا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت ہو رہی ہیں۔ یہ ہمارے معاشرے کو تباہ کر دینگے۔ گرے ٹریفکنگ اور انسداد منشیات پر کام اصل میں آئی بی نے کرنا ہے لیکن اداروں میں تعاون کا فقدان ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے سسٹم گرے ٹریفکنگ کو روکنے کے لیے لگایا تھا یا چلانے کیلئے۔ گرے ٹریفکنگ سے اربوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ اگر یہ چیزیں پکڑی جائیں تو ڈیم کا پیسہ آ سکتا ہے۔ ہم ٹیم بنا دیتے ہیں، ایک ہفتہ میں گرے ٹریفکنگ کے سسٹم کو ختم کریں۔ عدالت نے ڈی جی ایف ائی اے کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی میں اے این ایف کا نمائندہ، ڈی جی ائی بی اور پی ٹی اے کے چیرمین ائی ایس ائی سے بریگیڈر لیول کا افسر شامل ہو گا۔ کمیٹی کو 10 روز میں گرے ٹریفکنگ اور انسداد منشیات کریک ڈاؤن پر رپورٹ جمع کرانی کی بھی ہدایت کر دی گئی۔