Saturday, April 27, 2024

سپریم کورٹ کا کرک میں جلائی گئی سمادھی کی دو ہفتے میں بحالی شروع کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا کرک میں جلائی گئی سمادھی کی دو ہفتے میں بحالی شروع کرنے کا حکم
January 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کرک میں جلائی گئی سمادھی کی دو ہفتے میں بحالی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔

کرک میں مندر جلائے جانے سے متعلق ازخود نوٹس پر چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا پیش ہوئے۔ دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے آئی جی کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ پولیس چوکی ساتھ ہے۔ یہ واقعہ کیسے ہو گیا۔ اتنے لوگ جمع تھے۔ آپ کی انٹیلی جنس ایجنسیاں کیا کر رہی تھیں؟؟

آئی جی نے بتایا کہ جے یوآئی کے مقامی رہنما مولانا فیض اللہ نے اجتماع کو سپانسر کیا۔ 6 علما میں سے صرف مولوی شریف نے احتجاج پر اکسایا۔ واقعہ میں ملوث 109 افراد گرفتار ہیں۔ ایس پی اور ڈی ایس پی سمیت ڈیوٹی پر مامور 92 اہکاروں کو معطل کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ صرف معطلی کافی نہیں۔ مندر کی تعمیر کے لیے مولوی شریف سے پیسے لیے جائیں۔

چیف جسٹس نے متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک کے چیئرمین کے عہدے پر سرکاری ذہنیت لے کر نہ بیٹھیں۔ آپ کے ادارے کے ملازمین مندر کی زمینوں پر کاروبار کر رہے ہیں۔ انہیں گرفتار کریں۔ کرک مندر دوبارہ تعمیر شروع کرائیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بتایا کہ صوبائی حکومت سمادھی کی اپنے خرچے پر دوبارہ تعمیر کرے گی۔ چیئرمین ہندو کونسل رمیش کمار نے کہا کہ مندر پر میلے بھی لگتے ہیں اور ہر ماہ 300 سے 400 ہندو حاضری بھی دیتے ہیں۔ 1997 میں بھی مندر کو توڑا گیا۔

عدالت نے فعال اورغیرفعال مندروں ، متروکہ وقف املاک کی زمینوں کے مقدمات کی تفصیل اور چیئرمین متروکہ وقف املاک کی کارکردگی رپورٹ 2 ہفتے میں طلب کرتے ہوئے متروکہ  وقف املاک خیبرپختونخوا کو اقلیتی کمیشن سے مشاورت کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے قرار دیا کہ سماعت کا تفصیلی حکم نامہ بعد میں جاری کریں گے۔ مزید سماعت 2 ہفتے بعد ہو گی۔ رمیش کمار کا یہ کہنا تھا کہ امید ہے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا کا تعاون جاری رہے گا۔