Thursday, April 25, 2024

سپریم کورٹ کا کرپشن کے مرحوم ملزم کے ورثا سے رقم وصول کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا کرپشن کے مرحوم ملزم کے ورثا سے رقم وصول کرنے کا حکم
June 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے بدعنوانی کے ملزم مرحوم کسٹم کلرک محمد زمرد کے کیس میں بڑا فیصلہ سنا دیا۔ ملزم کے انتقال کے بعد جرمانے کی رقم ورثا سے وصول کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جرمانے کی رقم بھی ایک کروڑ ستتر لاکھ سے کم کرکے چالیس لاکھ کر دی۔ کرپشن کے ملزم متوفی کسٹم کلرک محمد زمرد کے ورثا کی جانب سے جرمانہ کی رقم معاف کرنے کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ وکیل نے بتایا کہ ملزم کا انتقال ہو گیا۔ جرمانے کی رقم معاف کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے قرار دیا کہ بدعنوانی کا ملزم انتقال کر گیا تو کرپشن کا پیسہ اس کے ورثا سے وصول کیا جائیگا۔ ورثا کو جرمانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دے دیا اور رقم ایک کروڑ 77 لاکھ سے کم کرکے 40 لاکھ روپے کر دی گئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے زمرد صاحب کسٹم میں اپر ڈویژن کلرک تھے۔ 1976 میں کلرک کی تنخواہ 4 سو یا ساڑھے چار سو روپے تھی۔  مرحوم کے بچے لارنس کالج میں پڑھتے رہے۔ کسٹم کے ملازم کی اہلیہ جائیداد خریدے تو پوچھا تو جائے گا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا درخواست گزار کا متوفی سے کیا رشتہ ہے۔ وکیل نے جواب دیا کہ درخواست گزار مرحوم کا بیٹا اور خود وکیل ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے وکیلوں کے ساتھ ہمارا خاص رشتہ ہے۔ اب تو وکیلوں پر ٹیکس لگ گیا۔ پہلے پتہ ہوتا تو اس کیس میں رعایت ہی نہ کرتے۔