Wednesday, May 8, 2024

سپریم کورٹ کا کراچی کے تمام نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا کراچی کے تمام نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم
August 12, 2020
کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ این ڈی ایم اے نالوں کی صفائی کے ساتھ تجاوزات اور دیگر مسائل کو بھی دیکھے گی۔ کراچی میں نالوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی۔ کمشنر کراچی نے رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا کہ کراچی میں 38 بڑے نالے ہیں اور 514 چھوٹے نالے ڈی ایم سیز کے پاس ہیں۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ لوگ نالوں پر 10 سال سے رہ رہے ہیں۔ عدالت نے کمشنر کراچی کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ سندھ حکومت اور لوکل گورنمنٹ پر برہم ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پچھلے 20 برس میں آپ نے کچھ نہیں کیا۔ نہ سندھ حکومت کام کرر ہی ہے نہ لوکل باڈی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم جاتے ہیں تو لوگ مارنا شروع ہو جاتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہی تو آپ کی حکومت کی رٹ ہے۔ سارے شہر میں جگہ جگہ  گلیوں اور محلوں میں گٹر کا پانی موجود ہیں۔ لوگ پتھر رکھ کر اس پر چلتے ہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ دو سے تین  ماہ میں نالوں سے تجاوزات ختم کرائیں گے۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ آپ کی حکومت کو کتںے سال ہو گئے ہیںکراچی سے کمشور تک کی صورتحال بدتر ہے۔ سندھ حکومت مکمل ناکام ہو چکی۔ آپ لوگ بیٹھ کر مزے کر رہے ہیں۔ کراچی میں حکومت کی رٹ کہاں ہے ؟ سندھ کو بہتر کون بنائے گا ؟ کراچی میں سڑک نہیں، بجلی نہیں، پانی نہیں، کیا باہر کے ملکوں میں بھی لوگ ایسے مسائل پر سپریم کورٹ جاتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ لوگ بیچارے مجبور ہو گئے ہیں۔ لوگ نالوں پر بیٹھ کر گھر بنا رہے ہیں۔ یہاں مافیا بیٹھے ہیں جن کا مقصد صرف کمائی ہے۔ چیف جسٹس نے ایڈوکیٹ جنرل کو کہا کہ آپ کو پتا بھی نہیں کس کی جائیداد کس کے نام سے رجسٹرڈ ہو گئی۔ جتنے منصوبے سندھ میں شروع کیے سب ضائع ہو گئے۔ کراچی، سکھر، حیدرآباد، لاڑکانہ، دادو سمیت کسی ضلع میں کوئی کام نہیں ہوا، ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا اور سب پیسہ ختم ہو گیا۔ پیسے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، کراچی میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ مجموعی طور پر حکومت تو بنی ہوئی ہیں لیکن کام نہیں کر رہے۔ سپریم کورٹ نے کراچی کے تمام نالوں کی صفائی این ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ این ڈی ایم اے نالوں کی صفائی کے ساتھ تجاوازت اور دیگر مسائل کو بھی دیکھے گی۔ عدالت نے حکم دیا کہ صوبائی حکومت این ڈی ایم اے کی کو مدد فراہم کرے۔ عدالت نے شاہراہ فیصل پر چودہ اگست کے حوالے سے لگے ہوئی سائن بورڈز پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ تمام سائن بورڈ فوری ہٹائے جائیں۔