Friday, March 29, 2024

سپریم کورٹ کا کراچی میں تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم

سپریم کورٹ کا کراچی میں تجاوزات کےخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم
December 12, 2018
کراچی ( 92 نیوز)کراچی میں تجاوزات کے خلاف بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے  وفاق ، صوبائی حکومت اور مئیر کراچی کی نظر ثانی کی  درخواستیں مسترد کر تےہوئے آپریشن جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف نظر ثانی کیس میں  چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے حکم دیا کہ رفاعی پلاٹوں پر قائم گھر اور مارکیٹ کو 45 دن کا پیشگی نوٹس دیا جائے ۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پارکس، نالوں اور ایمنٹی پلاٹس کے قابضین اپنا بندوبست کرلیں، تجاوزات کا مکمل صفایا کیا جائے گا، گھروں کو پہلے نوٹس جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع سے تجاوزات کا خاتمہ کریں گے، عدالت عظمیٰ نے نظر ثانی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ  شہر کا ستیاناس کر دیا گیا ، تجاوزات بنانے میں تمام سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے،غیرقانونی تعمیرات کرنے والے اپنا بندوبست کرلیں ، کوئی متبادل نہیں دیا جائے گا ۔،جتنے بھی پارکس اور نالوں پر تجاوزات ہیں سب کلیئر کرائیں گے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ تجاوزات پر لوگ سیاست چمکارہے ہیں، مجھے استعفیٰ کا مشورہ دینے والے فاروق ستار اب دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔