Friday, April 19, 2024

سپریم کورٹ کا کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئےجوائنٹ ٹیم بنانے کا حکم

سپریم کورٹ کا کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئےجوائنٹ ٹیم بنانے کا حکم
October 26, 2018
کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کےلئے جوائنٹ ٹیم بنانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قبضہ کیس کی سماعت ہوئی۔ میئر کراچی، کنٹونمنٹ، کے ڈی اے اور متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو ہفتہ کو طلب کر لیا گیا اور آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے کہا کہ پہلے ماڈل علاقے کے طور پر صدر کو مکمل صاف کرایا جائے۔ چیف جسٹس نے پاکستان کواٹرز ہنگامہ آرائی پر برہمی کا اظہار کیا۔ وسیم اختر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اتنا بڑا ہنگامہ کیوں کرا دیا۔ آپ کے بڑے بڑے لیڈر آگئے یہ کیا طریقہ ہے۔ آپ مجھے بتاتے تو یہ مسئلہ آسانی سے حل ہو سکتا تھا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ خدا کا خوف کریں، لسانیت کو ختم کریں ، کوئی مہاجر پنجابی نہیں سب پاکستانی ہیں۔ چیف جسٹس نے میئر کراچی سے استفسار کیا کہ آپ نالے دیکھانے لے گئے تھے۔ کہا تھا کہ صاف ہو جائیں گے، کیا صاف ہو گئے۔ وسیم اختر نے کہا کہ وسائل کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئرکراچی نے کہا کہ کچرے کو تلف کرنے اور سیوریج کے نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کی کئی سڑکیں کے ایم سی نے خالی کروادی ہیں، مزید کارروائی بھی کر رہے ہیں۔