Saturday, May 4, 2024

سپریم کورٹ کا کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر سی بریز بلڈنگ گرانے کا حکم

سپریم کورٹ کا کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر سی بریز بلڈنگ گرانے کا حکم
May 10, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر سی بریز بلڈنگ گرانے اور ناپا سے ہندو جم خانہ خالی کرانے کا حکم دے دیا۔ کراچی کی اصل شکل میں بحالی کے 22 جنوری کے حکم پر عمل نہ ہونے پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کی پیش کردہ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ریمارکس دیئے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا، حکومت چاہے تو کام کرنے میں پانچ منٹ لگتے ہیں،عدالت نے ذمہ داری وزیراعلیٰ کوسونپ دی۔ سپریم کورٹ نے ناپا سے ہندو جم خانہ فوری خالی کرانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس گلزار نے کہا وائی ایم سی کمرشل سرگرمیاں فوری ختم کردے۔ سیکرٹری ریلوے ایک ماہ میں سرکلرریلوے چلائیں۔ ایم اے جناح روڈ پر سی بریز بلڈنگ فوری گرائی جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا خطرناک عمارتیں شہریوں کی زندگی کیلئے خطرہ ہیں۔ عدالت نے ڈائریکٹر کنٹونمنٹ لینڈ کو عمل درآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ادارے زمینوں پر قبضہ کرکے نہیں بنتے، پورے کراچی میں لینڈ مافیا منہ چڑا رہا ہے اور یہ ایسی باتیں کررہے ہیں۔ عدالت نے چیف سیکرٹری کو میئر کراچی اور دیگر کے ساتھ ملکر آپریشن کی ہدایت بھی کی۔ دوسری طرف سعید غنی میڈیا سے گفتگو میں بولے کہ رہائشی عمارتیں گرانے سے انسانی المیہ پیدا ہوتا ہے۔ وہ اپنی بات پر قائم ہیں۔ عدالت کے سامنے ہاتھ جوڑ کر عہدہ چھوڑ دیں گے۔ وہ جو سزا دے، قبول ہوگی۔ انہوں نے کہا پہلے بھی جن کی دکانیں گرائیں آج تک ان کو متبادل نہ دے سکے۔