Sunday, May 12, 2024

سپریم کورٹ کا کراچی سے تمام سائن بورڈ فوری ہٹانے کا حکم

سپریم کورٹ کا کراچی سے تمام سائن بورڈ فوری ہٹانے کا حکم
August 10, 2020

کراچی ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی سے تمام سائن بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دے دیا ، چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کیسے بل بورڈز لگانے کی اجازت دے دی جاتی ہے، کہاں ہے حکومت کی رٹ؟ ۔ وزیر اعلیٰ سندھ صرف ہیلی کاپٹر پر دورہ کرکے آجاتے ہیں ہوتا کچھ نہیں ، پورے شہر میں کچرا ،گندگی ہے  ،ہر طرف تعفن کی صورتحال ہے ،مئیر کراچی بھی شہر سے دشمنی نکال رہے ہیں ،لوگوں نے اس کو ووٹ دیا تھا کہ کراچی کے لئے کچھ کرے گا ،  جاؤ بھائی اب جان چھوڑو۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سائن بورڈ سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ شاہراہ فیصل پر عمارتیں دیکھیں اشتہار ہی اشتہار لگے ہیں ، وہاں لوگ کیسے جیتے ہوں گے۔حکومت کا کام ہے کہ بلڈنگ پلان پر عمل کرائے ، یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے ، کسی کے پاس پیسے ہیں تو وہ سب کر لیتا ہے، سندھ  میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

چیف جسٹس نےکمشنر کراچی کو مخاطب کرتے ہوئےکہاکہ  کمشنر صاحب آپ کے شہر میں ہر جگہ بل بورڈز لگے ہیں ، کمشنر کراچی نےکہاکہ لوگ پبلک پراپرٹی کا نا جائز فائدہ اٹھا رہے ہیں ، عدالت نے استفار کیاکہ آپ نے ان کے خلاف کیاایکشن لیا ، کمشنر کراچی نے کہاکہ یہ ایک بڑی مافیا ہے بہت سارے ادارے ہیں۔

چیف جسٹس نےکہاکہ آپ سب کو فارغ کریں ،آپ کے پاس اختیار ہے  ۔ عدالت نےوسیم اخترکومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میئرصاحب کیا حال کیاہے آپ نےکراچی کا  ، اختیار نہیں ہے تو گھرجائیں  ۔

سپریم کورٹ نے شہر سےتمام بل بورڈ فوری ہٹانے کا حکم دےدیا ، کہاکہ بل بورڈ ہٹا کر رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔