Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ کا وکلا کے اسلام آباد کچہری میں مزید چیمبرز نہ گرانے کا حکم

سپریم کورٹ کا وکلا کے اسلام آباد کچہری میں مزید چیمبرز نہ گرانے کا حکم
February 26, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے وکلا کے اسلام آباد کچہری میں مزید چیمبرز نہ گرانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں اسلام آباد میں وکلاء چیمبرز گرانے کے خلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت روسٹرم پر وکلاء کا مجمع لگنے پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کیا اور تمام وکلاء کو روسٹرم سے ہٹا دیا۔ ریمارکس دئیے کہ عدالت کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گی، ہم بھی وکیل رہے ہیں لیکن ایسی حرکتیں کبھی نہیں کیں۔ کسی وکیل نے پریکٹس کرنی ہے تو اپنا دفتر خود بنائے، عوامی مقامات پر قبضہ کرنا وکیلوں کا کام نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بار ایسوسی ایشنز چیمبرز کو لیز پر دیتی ہیں، پبلک کی زمین پر چیمبرز بنانے کا اختیار کہاں سے آ گیا؟ ملک میں کہیں بھی گراؤنڈ میں چیمبرز نہیں بنے۔ وکیل اسلام آباد بار کونسل شعیب شاہین نے کہا کہ کسی ملک میں دکانوں میں عدالتیں بھی نہیں لگتیں، چیمبرز کی زمین ہائی کورٹ کے زیر قبضہ ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ وکلاء اپنی عزت و تکریم پر سمجھوتہ نہ کریں، ہم بھی خود کو وکلاء کا حصہ سمجھتے ہیں، وکلاء عدالتوں کیلئے جیسی گفتگو کرتے ہیں وہ بھی دیکھیں، یہ کیا طریقہ ہے جہاں چار وکیل جمع ہوں مائیکرو فون اٹھا کر تقریر شروع کر دی، وکلاء عدلیہ کا حصہ ہو کر اسکے خلاف کیا کچھ نہیں کہتے، پبلک اراضی پر چیمبرز بنانے کا کوئی جواز نہیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت دو مارچ تک ملتوی کر دی۔ سپریم کورٹ سے عبوری ریلیف ملنے پر احاطہ عدالت میں وکلاء نے سیلفیاں بنائیں اور فوٹوسیشن کیا۔