Wednesday, May 22, 2024

سپریم کورٹ کا وفاقی اور سندھ حکومت کو کراچی کا جامع پلان بنانے کا حکم

سپریم کورٹ کا وفاقی اور سندھ حکومت کو کراچی کا جامع پلان بنانے کا حکم
February 7, 2020
 کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی اور سندھ حکومت کو کراچی کا جامع پلان بنانے کا حکم دے دیا۔ دہلی کالونی، پنجاب کالونی ، پی این ٹی اور گزری روڈ پرتجاوزات کے معاملے پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت ہوئی۔ غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا ان علاقوں میں تعمیرات کیسے ہو رہی ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں ایسی تعمیرات کی اجازت کون دے رہا ہے۔ عدالت نے پنجاب کالونی، دہلی کالونی، پی این ٹی اور گزری روڈ پر تمام غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ 9، 9 منزلہ عمارتیں بن رہی ہیں۔ اٹارنی جنرل صاحب! ان علاقوں میں بھی عمارتوں کو گرانا پڑے گا۔ آپ بلند و بالا عمارتیں گرائیں اور پارک بنا دیں۔ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے وکیل نے بتایا کہ دہلی اور پنجاب کالونی کی زمینی وفاقی حکومت کی ہے۔ رہائشی پلاٹ پر گراونڈ پلس 2 کی اجازت ہے جبکہ کمرشل پلاٹوں پر 5 منزلہ عمارت بنانے کی اجازت دے رہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کس دنیا میں رہ رہے ہیں،؟آپ انگریزی بول کر ہمارا کچھ نہیں کر سکتے۔ کیا ہمیں معلوم نہیں کیا حقیقت ہے؟ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہا لوگوں سے پیسے لے کر اپنے خزانے بھر رہے ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دئیے عمارتیں ضرور بنائیں مگر کوئی پلاننگ  تو کریں۔ مزار قائد کے سامنے فلائی اوور کیسے بنا دیا، اس سے مزار قائد ہی چھپ کر رہ گیا ہے۔