Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ کا نیب کو حسین حقانی کیخلاف کارروائی کا حکم

سپریم کورٹ کا نیب کو حسین حقانی کیخلاف کارروائی کا حکم
August 30, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے نیب کو حسین حقانی کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ۔ اقوام متحدہ انسداد کرپشن کنونشن سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔ چیف جسٹس کی سر براہی میں تین رکنی بینچ نے حسین حقانی میموگیٹ کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر کچھ نہ کچھ فیصلہ تو کرنا ہے ۔ جب تک حسین حقانی واپس نہ آئے فیصلہ نہیں ہو سکتا ۔ حسین حقانی واپس آنے کا بیان حلفی دیکر گئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا عدالتی معاونت کیمطابق حسین حقانی کی واپسی کے معاملہ پر قانون سازی کی ضرورت ہے جس کی منظوری پارلیمنٹ سے لینا ہو گی۔ عدالتی معاون نے عدالت کو بتایا نیب کے پاس قانون معاونت کی خط وکتابت کا اختیار موجود ہے ۔ احتساب بیورو امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے براہ راست رابطہ بھی کر سکتا ہے جبکہ اقوام متحدہ انسداد کرپشن کنونشن سے مدد لی جا سکتی ہے۔ دوران سماعت درخواست گزار بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا حسین حقانی کے خلاف ایف ائی اے نے مقدمہ غلط درج کیا۔ ایف ائی ار میں حقانی کے جرائم کا واضح ذکر نہیں ۔ حکومت نے حسین حقانی کی واپسی کے لیے چھ سال ضائع کر دیے۔ عدالت نے نیب کو حسین حقانی کی وطن واپسی کیلئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔