Thursday, May 9, 2024

سپریم کورٹ کا ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کا حکم

سپریم کورٹ کا ملک بھر میں شاپنگ مالز کھولنے کا حکم
May 18, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے ہفتے اور اتوار کو بھی ملک کی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھلی رکھنے کا حکم دے دیا، شاپنگ مالز بھی کھولنے کی ہدایت کردی۔ سپریم کورٹ میں کورونا از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔ اٹارنی جنرل اور تمام ایڈووکیٹ جنرلز نے دلائل میں ایس او پیز کا تذکرہ کیا تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جن چھوٹی مارکیٹوں کو کھولا گیا وہ کونسی ہیں؟، کیا زینب مارکیٹ، راجہ بازار، طارق روڈ اور صدر کا شمار چھوٹی مارکیٹوں میں ہوتا ہے؟ چھوٹے تاجر کورونا کے بجائے بھوک سے ہی نہ مر جائیں۔ کیا ہفتے اور اتوار کو سورج مغرب سے نکلتا ہے؟، کیا وباء نے حکومتوں سے وعدہ کر رکھا ہے وہ ہفتہ اور اتوار کو نہیں آئے گی؟۔ مارکیٹیں اور کاروباری سرگرمیوں کو ہفتہ اتوار بند کرنا آئین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ چیف جسٹس نے کمشنر کراچی کو دکانیں اور مارکیٹیں سیل کرنے سے روک دیا۔ ریمارکس دیئے کہ تاجروں سے بدتمیزی کرنی ہے نہ رشوت لینی ہے، آپ نئے کپڑے نہیں پہننا چاہتے لیکن دوسرے لینا چاہتے ہیں، عوام حکومت کی غلام نہیں ہے۔ عدالتی استفسار پر ایڈووکیٹ جنرلز سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ نے شاپنگ مالز بارے پالیسی بتائی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ شاپنگ مالز کو بند رکھنے کی کیا منطق ہے؟ آج عدالتی حکم میں شاپنگ ملز کھولنے کا حکم دیں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان میں غربت بہت ہے، لوگ روزانہ کما کر ہی کھانا کھا سکتے ہیں۔ کیا کسی کو معلوم ہے دو ماہ بعد کتنی بے روزگاری ہوگی؟ کیا کروڑوں لوگوں کو روکنے کیلئے گولیاں ماری جائیں گی؟۔ لگتا ہے کراچی پورٹ پر پڑا اربوں کا سامان سمندر میں پھینکنا پڑے گا۔