Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ کا صنعتی کارکنوں کو ورکرز ویلفیئرفنڈ سے تمام ادائیگیوں کا حکم

سپریم کورٹ کا صنعتی کارکنوں کو ورکرز ویلفیئرفنڈ سے تمام ادائیگیوں کا حکم
November 29, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) صنعتی کارکنوں کو ورکرز ویلفیئر فنڈ سے ادائیگیوں کے کیس  میں  سپریم کورٹ نے  وفاق کو 17 جنوری تک تمام ادائیگیاں کرنے کا حکم  دے دیا ۔ وفاق کو ڈیتھ گرانٹس، میرج گرانٹس، سکالرزشپس کی تمام رقوم ادا  کرنے کا حکم ، کسی قسم کا غبن ہونے پر معاملہ نیب کے سپرد کرنے کا بھی عندیہ دے دیا ۔ سپریم کورٹ نے صنعتی کارکنوں کو ورکرز ویلفیئر فنڈز سے 17 جنوری تک تمام ادائیگیاں کرنے کا حکم دے دیا ۔  دوران سماعت  جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ  کسی قسم کا غبن ہوا تو معاملہ نیب کو بھجوائیں گے، ہم وفاقی حکومت سے بالکل خوش نہیں، حکومت کے لوگ عدالت سے آدھا سچ بول رہے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ  بیوروکریسی ہمارے کندھوں پر بندوقیں رکھ کر نہ چلائے،ایک حکومتی عہدے دار  شمال کی ،دوسرا جنوب کی طرف جارہا ہے ،جب اعتماد ختم ہو جائے پھر کچھ نہیں ہو سکتا،آخر تمام مسائل کا ذمہ دار کون ہے؟۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اپ کو امانت دی جائے اپ لوگ گدھ بن کر بیٹھ جاتے ہیں ،124 ارب روپے رقم کا تعین ہو چکا ہے ،کسی قسم کا غبن ہوا تو معاملہ نیب کو بھجوائیں گے۔ جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ  وفاقی حکومت کیوں پیسہ ورکرز ویلفیئر میں منتقل نہیں کر رہی؟، سکولوں کی فیس اور اساتذہ کو تنخوائیں ادا نہیں ہو رہی ، ڈیتھ گرانٹ کے لیے بھی پیسہ جاری نہیں ہو رہا ہے ،کیا لوگ اپنی لاشیں لا کر سیکرٹریٹ میں رکھ دیں ۔حکومت اگر کام نہیں کرے گی تو کسی تیسرے فریق سے کام کروا لیں گے۔