Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ کا شریف فیملی کی شوگر ملوں کو حکم امتناعی دینے سے انکار

سپریم کورٹ کا شریف فیملی کی شوگر ملوں کو حکم امتناعی دینے سے انکار
January 10, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز ) سپریم کورٹ نے شریف فیملی کی شوگر ملوں کو حکم امتناعی دینے سے انکار کر دیا ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے  اگر شوگر ملز غیرقانونی ہیں تو کچھ نہیں کر سکتے ۔ غیر قانونی شوگر ملز کو دوسرے مقام پر منتقل کردیا جائے ۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے شریف خاندان کی اتفاق  ، چوہدری اور حسیب وقاص شوگر ملزکی منتقلی کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف درخواست کی سماعت کی۔

شریف خاندان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملزبند کرکے کرشنگ روک دی گئی  ۔ 3ماہ میں شوگر ملز منتقل کرنے کاحکم دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر شوگر ملز غیر قانونی ہیں تو انہیں دوسرے مقام پر منتقل کردیں ۔ ۔ملز کام نہیں کرسکتیں تو عدالت کچھ نہیں کرسکتی ۔ ملز مالکان کو حکم امتناعی نہیں دے سکتے ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا ریلیف کا حق دار نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ گنے کی فصل سوکھ رہی ہے ۔ کوئی اسے اٹھانے والا نہیں ۔ عدالت کو گنے کے کاشتکاروں سے ہمدردی ہے ۔ ان کا نقصان نہیں ہونے دینگے ۔

چیف جسٹس نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز جے ڈبلیو ڈی کے وکیل اعتزاز احسن سے کہا کہ آپ کےلئے 50 ایکڑ زمین سے گنا اٹھانا کوئی مسئلہ نہیں ۔

اعتزاز احسن بولے کہ وہ بھی نہیں چاہتے کہ کاشتکاروں کا نقصان ہو۔

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے جہانگیر ترین کو طلب کرلیا۔

کیس کی مزید سماعت 11جنوری کو ہوگی۔