Wednesday, May 1, 2024

سپریم کورٹ کا خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم
October 21, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے خورشید شاہ کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی استفسار پر خورشید شاہ کے وکیل نے کہا کہ 12 پراپرٹیز اور 5 بینک اکاؤنٹس کو جواز بنا کر ریفرنس بنایا گیا۔ ٹپہ دار نے تسلیم کیا کہ  میں نے زمین کی قیمت اندازے سے لگائی۔ یہ بنجر 1039 ایکڑ زمین 1979 میں عبدالحفیظ پیرزادہ کے والد نے 80 ہزار میں خریدی۔ عبد الستار پیرازادہ نے یہ زمین 1982 میں آگے فروخت کر دی۔ عندر خاندان سے زمین خورشید شاہ نے خریدی۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ زمین نہری ہے۔ اگر نہری زمین ہے تو اسکی ویلیو زیادہ ہو گی۔ اگر بارانی یا بنجر زمین ہے تو ویلیو کم ہو گی۔

بعدازاں عدالت نے ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔ اپنے فیصلے میں عدالت نے کہا کہ خورشید شاہ کا نام ای سی ایل میں رہے گا۔ خورشید شاہ کو مزید حراست میں رکھنے کی ٹھوس وجوہات موجود نہیں۔ احتساب عدالت ضروری سمجھے تو ای سی ایل سے نام نکال سکتی ہے۔

واضح رہے کہ خورشید شاہ ستمبر 2019 سے نیب کی حراست میں تھے۔