Thursday, April 25, 2024

سپریم کورٹ کا تفتان چمن اور طور خم بارڈر پر فوری طور پر قرنطینہ سینٹر بنانیکا حکم

سپریم کورٹ کا تفتان چمن اور طور خم بارڈر پر فوری طور پر قرنطینہ سینٹر بنانیکا حکم
April 7, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے تفتان چمن اور طور خم بارڈر پر فوری طور پر قرنطینہ سینٹر بنانے کا حکم دے دیا، اسپتالوں کی بندش اور سہولیات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حکومت ایک ماہ میں پیشرفت رپورٹ جمع کرائے، اگر عدالتی حکم پر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ سپریم کورٹ میں اسپتالوں کی بندش اور سہولیات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ‏چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ کورونا کی وباء سے لڑنے ‏کیلئے ہنگامی قانون سازی کی ضرورت ہے۔ یہ وباء بارڈز اور داخلی راستوں سے آئی ‏ہے۔ حکومت داخلی راستوں پرقرنطینہ سنٹربنانے میں ناکام رہی۔ ‏سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ تفتان، چمن اورطورخم کے مقام پر فوری طورپرقرنطینہ بنایا جائے۔ حکومت ایک ماہ میں بارڈز پر قرنطینہ سینٹرز بنانے ‏اور مکمل فعال کرکے ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ جمع کرائے۔ اگر عدالتی حکم پر عمل ‏نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے حکومت کو ملک بھر کے ‏ڈاکٹرز کو کورونا وائرس سے بچائو کیلئے حفاظتی کٹس فوری طور فراہم کرنے کا حکم ‏دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کو کنٹریکٹ کے بجائے مستقل طور پر بھرتی کیا جائے۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت عظمی میں آٹا، چینی سکینڈل رپورٹ کا بھی تذکرہ ہوا، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے ‏مکالمے کے ‏دوران کہا کہ آٹے اورچینی کا اتنا بڑا اسکینڈل کھڑا ہو گیا۔ آپ دوسرے ‏‏مسائل سے کیا نمٹیں گے؟۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بڑے بڑے لوگ اگرحکومت کو ایکسپلائٹ کریں گے تو ملک کا کیا ہو گا؟۔ ‏جسٹس عمرعطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کس کی جرات ہے کہ حکومت ‏کو بلیک ‏میل کرے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ حکومت نے رپورٹ پبلک کی اس کا  کریڈٹ دینا ‏‏چاہیے، ہم معاملے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو احساس پروگرام میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت ‏کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کا پیسہ مستحق لوگوں تک پہنچنا چاہیے تاکہ غریب ‏عوام اچھی زندگی گزار سکیں۔ عدالت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے ‏اقدامات پرحکومت سے بریفنگ طلب کرلی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، چیئرمین ‏این ڈی ایم اے، سربراہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی اوراٹارنی جنرل کی جانب سے کل دن ‏بارہ بجے ان چیمبر بریفنگ دی جائے گی۔