Wednesday, May 1, 2024

سپریم کورٹ کا بنی گالہ سیوریج اینڈ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کیلئے فنڈ جاری کرنیکا حکم ‏

سپریم کورٹ کا بنی گالہ سیوریج اینڈ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کیلئے فنڈ جاری کرنیکا حکم ‏
May 7, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے وزارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو بنی گالا سیوریج  اور واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کیلئے فنڈ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس  دیے کہ راولپنڈی کے رہائشی راول جھیل کا پانی پی رہے ہیں،کیا اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ میں بنی گالا تجاوزات کیس کی سماعت  ہوئی، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت عظمیٰ نے منسٹری آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو مالی سال ختم ہونے سے قبل بنی گالا سیوریج  اور واٹر ٹریٹمنٹ سسٹم کے لیے فنڈ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے  ہدایت کی کہ سی ڈی اے اور میونسپل کارپوریشن آئندہ سماعت پر فضلے کی تلفی سے متعلق پلان کا ڈرافٹ پیش کریں۔

بنی گالہ میں پی ایچ ڈی ڈاکٹرزبیروزگاری کیخلاف سراپااحتجاج بن گئے

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا راولپنڈی کے رہائشی راول جھیل کا پانی پی رہے ہیں ، کیا اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تعلیم دیں اور اداروں کو آگاہی کے حوالے سے بھی کام کیا جائے، گندگی والی جگہ سے اخبار میں جرمن سفیر کی تصاویر آئی تھیں ، پنجاب حکومت کوئی حل بتائے ورنہ سخت کارروائی کریں گے۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔