Sunday, May 12, 2024

سپریم کورٹ کا بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ

سپریم کورٹ کا بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ
October 20, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

عدالت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی میں تاخیر پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب، سابق چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

دوران سماعت پنجاب حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن پیش کیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ نوٹیفکیشن کی ڈرافٹنگ ہی درست نہیں۔ صوبائی حکومت سمجھتی ہے بلدیاتی ادارے انہوں نے بحال کیے۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب حکومت نے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہیں ہو سکتا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نورالامین مینگل نے ملبہ وزیراعلیٰ پنجاب پر ڈال دیا۔ جسٹس مظہرعالم میاں خیل نے کہا کہ سیکرٹری صاحب کے تحریری جواب میں ہے کہ وزیراعلیٰ کو سمری بھیجی تھی۔

عدالت نے قرار دیا کہ تحقیقات کرکے معاملے کی تہہ تک جائیں گے۔ سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی گئی۔