Sunday, May 5, 2024

سپریم کورٹ کا آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک شامل تفتیش نہ کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک شامل تفتیش نہ کرنے کا حکم
July 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو آصف زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک شامل تفتیش کرنے سے روک دیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں بینچ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت کی۔آصف علی زرداری  کی جانب سے  ان کے وکلا فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن پیش ہوئے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے صرف ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا ،آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں کیوں ڈالا، ہرشخص کو اپنا وقار اور حرمت ہے، کسی کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آصف زرداری اورفریال تالپورکے علاوہ تمام ملزمان شامل تفتیش ہونگے ، کل یہ عذر نہ آئے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق کرنا چاہتے ہیں کہ 35 ارب کے بوگس بنک اکاونٹ کیوں کھولے گئے۔ پتہ نہیں زرداری گروپ کے اکاونٹ میں ڈیڑھ کروڑ کس نے ڈالا۔ اگر ڈیڑھ کروڑ رقم کے ذرائع لیگل ہیں تو بتا دیں ۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ایف آئی اے صاف شفاف تحقیقات کرے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسٹیٹ بنک کے کسی سرکلر کو جائز نہیں قرار دیں گے ، اسٹیٹ بینک کی کارکردگی پر شرم آنی شروع ہو گئی ہے ،سب کو قانون کے مطابق چلنے کی عادت ڈالنی چاہیے ۔ حسین لوائی نے عدالت کو بتایا کہ انکا قصورصرف بنک کا صدر ہونا ہے ، اگرسول جج کوئی غلط کام کرے تو کیا قصور وار چیف جسٹس ہوں گے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سول کورٹ میں غلط پر کارروائی ان تک آئے گی ۔ عدالت نے صرف بدنیتی دیکھنی ہے ۔عدالت نے ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ تبدیل کرنے اور ملزم حسین لوائی کی ضمانت کی درخواستیں  مسترد کر دی۔