Saturday, May 4, 2024

سپریم کورٹ نےطیبہ بی بی تشدد کیس ٹرائل میں تاخیرکا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نےطیبہ بی بی تشدد کیس ٹرائل میں تاخیرکا نوٹس لے لیا
January 8, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) گھریلو ملازمہ طیبہ اور ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم کے درمیان راضی نامے کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے طیبہ بی بی تشدد کیس ٹرائل میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کورٹ نمبر ایک میں ہونے والی سماعت کے دوران راجہ خرم کے وکیل نے بتایا کہ ہائیکورٹ نے طیبہ اور جج کے درمیان راضی نامہ مسترد کر دیا اب تک 6 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم او ایس ڈی ہیں یا معطل ہیں جس پر اُن کے وکیل نے بتایا کہ وہ ضمانت پر ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ضمانتیں کیسے ہوتی ہیں ہمیں سب پتہ ہے۔ جب والدین ناکام ہو جائیں تو عدالتیں والدین کا کردار ادا کرتی ہیں۔ جب والدین پیسے لے لیں تو پھر عدالتیں والدین کا فریضہ انجام دیتی ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایک سال ہو چکا ٹرائل کیوں مکمل نہیں ہوا۔
چیف جسٹس نے رجسٹرار ہائیکورٹ سے طیبہ تشدد کیس کے ٹرائل میں تاخیر کی وجوہات طلب کرتے ہوئے پوچھا کہ بتایا جائے 10 ماہ گزر جانے کے باوجود ٹرائل کیوں لٹکا ہوا ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔