Thursday, March 28, 2024

سپریم کورٹ نے کراچی میں تمام واٹر ہائیڈرنٹس بند کرنے کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے کراچی میں تمام واٹر ہائیڈرنٹس بند کرنے کا حکم دیدیا
September 8, 2016
کراچی (92نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں قانونی اور غیرقانونی تمام واٹر ہائیڈرنٹس بند کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس پاکستان کا کہنا ہے کہ قلت ہے تو ہائیڈرنٹس کو پانی کہاں سے فراہم کیا جاتا ہے؟ مفاد عامہ کا مسئلہ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ تفصیلات کے مطابق پانی کو ترستے کراچی کی فریاد عدالت نے سن لی۔ سپریم کورٹ رجسٹری نے کراچی میں قانونی اور غیرقانونی واٹر ہائیڈرنٹس بند کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ قلت ہے تو ہائیڈرنٹس کو پانی کہاں سے مل رہا ہے؟ شہری کب تک پانی کو ترستے رہیں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اور واٹر بورڈ میں گھوسٹ ملازمین کی بھرمار ہے۔ کوئی ادارہ شہر کو اون نہیں کرتا۔ مفاد عامہ کا مسئلہ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کنٹونمٹ بورڈ اور ڈی ایچ اے سمیت بڑے بڑے سفید ہاتھی بیٹھے ہیں‘ ڈیفنس میں آج تک لائن سے پانی نہیں ملا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ چھ اضلاع اور ڈی ایچ کیلئے ایک ایک ہائیڈرنٹ رکھا جائے گا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایمرجنسی کیلئے واٹر ہائیڈرنٹس کا ری ٹینڈر کیا جائے اور شہر بھر میں پانی کی یکساں فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ پانی فراہم نہیں کر سکتا تو ادارہ ٹھیکے پر دیدیں۔