Wednesday, April 24, 2024

سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کو ناقابل برداشت قرار دیدیا

سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کو ناقابل برداشت قرار دیدیا
November 24, 2018
کراچی( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کو ناقابل برداشت قرار   دیتے ہوئے آپریشن کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے کا حکم دے دیا ۔ قائم مقام چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کراچی سرکلر ریلوے کے راستوں پر تجاوزات کیخلاف فوری آپریشن کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریلوے حکام کو تجاوزات ختم کرنے کا حکم  دے دیا ۔ ریلوے انتظامیہ نے بھی  پیر سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان  کردیا۔ عدالت کا کہنا تھا سرکلر ریلوے کی بحال میں مزید وقت ضائع نہ کیا جائے ، ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا آج کام شروع کیا جائے تو سرکلر ریلوے منصوبہ  4 سال میں مکمل ہو سکتا ہے ۔ کے ڈی اے حکام نے قبضہ مافیا سے واگزار کروائے گئے 5 ہزار 485 پلاٹس سے متعلق رپورٹ جمع کروائی  ، سب سے زیادہ کارروائیاں گلستان جوہر اسکیم 36 میں کی گئیں  جہاں 1982 پلاٹس قبضہ مافیا سے واگزار کروائے گئے ۔ کے ڈی اے حکام کی رپورٹ کے مطابق گلشن اقبال اسکیم 24 میں 1874، سرجانی ٹاؤن اسکیم 41 میں 904،نارتھ کراچی میں 284، کورنگی میں 248 پلاٹس خالی کروائے گئے ۔ سندھ میں فرانزک لیب نہ بننے پر جسٹس گلزار احمد نے برہمی کا اظہار کیا  اور 2 ہفتے میں لیب قائم کرنے کا حکم دے دیا ۔