Sunday, September 8, 2024

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ایک ماہ کےلئے ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم کا نام ایک ماہ کےلئے ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا
August 29, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) آخرکار ڈاکٹر عاصم کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی۔ سپریم کورٹ نے نام ایک ماہ کےلئے ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ انسانی زندگی کو آئین اور مذہب نے مکمل تحفظ دے رکھا ہے ۔

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کےلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے ۔عدالت عظمی نے  وزارت داخلہ، ایف آئی اے، امیگریشن اوردیگرحکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹرعاصم کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔اورانھیں پاسپورٹ واپس کیا جائے۔

عدالت کا کہناتھا کہ ڈاکٹرعاصم بیرون ملک سے علاج کےبعد وطن واپس آئیں توحکام نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈال سکتےہیں۔

ڈاکٹرعاصم 60 لاکھ روپے بطورضمانت ٹرائل کورٹ میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم  کانام ای سی ایل میں ڈال کر غیرمساوی سلوک کیا گیا۔

انسانی زندگی کو آئین اور مذہب نے مکمل تحفظ دے رکھا ہے ۔ شریک ملزمان کو  کاروبار کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ نیب کا رویہ غیر منصفانہ تھا۔عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ  ڈاکٹر عاصم کی مرض کی تشخیص کے لیے کئی میڈیکل  بورڈ تشکیل دیئے گئے ۔

میڈیکل بورڈ کے مطابق  ڈاکٹر عاصم کا علاج  جیل میں یا پاکستان میں ممکن نہیں ۔ نیب نے  کسی عدالت میں  ڈاکٹر عاصم  کے میڈیکل بورڈ  پر اعتراض نہیں اٹھایا۔ سپریم کورٹ کا کہناہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی عدم موجودگی میں ان کا ٹرائل جاری رہے گا۔ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم پر460 ارب روپے سے زائد کرپشن کے الزامات ہیں۔