Friday, April 26, 2024

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی
October 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم حسین کی جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت پر سماعت کی۔ سیکرٹری کیڈ کے حکم پر تشکیل دی گئی 7 رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل ساجد بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے ڈاکٹر عاصم حسین کو صحت یاب قرار دیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال میں رکھنے کی ضرورت نہیں۔ وکیل ڈاکٹر عاصم حسین نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔ عدالت کے گزشتہ حکم پر ڈاکٹر عاصم کو ذاتی معالجوں سے نہیں ملنے دیا گیا۔ ساجد بھٹی نے کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ وزارت کیڈ کے ماتحت ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ سامنے آگئی تو پھر ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال میں رکھنے کی کیا ضرورت ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ درست تھا، درخواست خارج کی جاتی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حکم میں لکھ دیتے ہیں کہ انہیں ملاقات کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے گزشتہ حکم میں سیکرٹری ہیلتھ کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا۔